15 جولائی 2014 - 14:11
عراق، فوج کی کاروائی میں 150 دہشت گرد ہلاک

عراقی فوجیوں نے پورے عراق میں تكفيري دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کارروائی میں 150 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

ابنا: عراقی فوجیوں نے تكفيري دہشت گردوں کے قبضے والے علاقوں کو آزاد کرانے کی مہم کے تحت ان دہشت گردوں کو الانبار، صلاح الدین، دیالہ اور بابل صوبوں میں موت کے گھاٹ اتارا۔

الانبار صوبے میں فوجیوں نے الحدیثہ شہر پر قبضہ کرنے کے مقصد سے کئے گئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ یہ شہر بغداد سے تقریبا دو سو کیلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
اس حملے کے دوران کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے اس کاروائی میں کئی فوجی بھی جاں بحق ہوئے۔
عراقی فوجیوں نے صلاح الدین صوبے کے تكريت شہر میں تكفيري دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور ان کی تیس گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔

ادھر دیالہ میں عراقی فوج کی کارروائی میں مارے جانے والوں میں داعش کے سرغنہ ابو بکر البغدادي کا چچازاد بھائی مزبان البدري اور ایک سرغنہ بھی شامل بتایا جاتا ہے۔ بابل صوبے میں عراقی فوج، ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کی مدد سے جرف الصخر علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے چھڑانے کی کوششیں کر رہی ہے۔

دوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں کم سے کم 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

بغداد سے موصولہ خبروں کے مطابق پہلا کار بم دھماکہ پیر کو بغداد کے مرکزی علاقے العلاوی میں ایک ریستوران کے سامنے ہوا۔ اس دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور6 زخمی ہو گئے۔ اس دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔ دوسرا دھماکہ مغربی بغداد کے ایک شیعہ اکثریتی علاقے بياع میں ہوا۔ اس میں3 افراد ہلاک اور4 زخمی ہوئے۔

قابل ذکر ہے کہ بغداد میں یہ دو دھماکے ایسی حالت میں ہوئے ہیں کہ جب عراق کی حکومت اس ملک کے بہت سے علاقوں میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوجی مہم میں مصروف ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف اس مہم میں عراق کی فوج کو زبردست کامیابیاں مل رہی ہیں۔
.......

/169